بھارت دہشتگردی کا سپانسر،ثبوت بھی موجود ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کاکہنا ہے کہ بھارت  پاکستان میں  ہونے والی دہشت گردی کا سپانسرہے۔پاکستان میں ٹارگٹ بھی بھارت ہی فراہم کرتاہے۔ ثبوت بھی موجود ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا انٹرنیشنل میڈیا کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کے پاکستان پر میزائل حملے کے وقت بھارت کے 60 طیارے پرواز میں تھے جنہیں انگیج کیا گیا۔ بھارتی طیارے رات بارہ بج کر دس منٹ پر پاکستان سائیڈ پر آئے۔ انہوں نے بریفنگ میں رافیل طیاروں کے پائلٹ کی گفتگو بھی سنائی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے الزام پاکستان پر لگادیا، حقیقت کیا ہے یہ دیکھنا چاہیے مگر اس کے برعکس بھارتی میڈیا نے بغیر ثبوت کہنا شروع کردیا کہ پاکستان ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کی جانب سے پہلگام واقعے پر اٹھائے گئے سوالات کی ویڈیوز پیش کیں جن میں شہریوں نے مودی حکومت اور بھارتی فوج کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان اٹھادیا اور پہلگام واقعے کو بھارتی فوج کا ڈرامہ قرار دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نےکہا کہ پہلگام واقعہ دو بج کر 30 منٹ پر پیش آیا اور دس منٹ بعد متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج ہوگئی، انہوں ںے دس منٹ میں کیسے پتالگالیا کہ اس حملے میں پاکستان ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جعلی انکاؤنٹرز بھارتی افواج کا معمولم ہیں، پلوامے واقعے سے متعلق بھی پاکستان نے ایک واضح موقف اپنایا تھا اور کہا تھا کہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن ہے، جموں کے اس وقت کے گورنر نے پلوامہ واقعے کی پول کھول دی تھی اور کہا تھا کہ بھارت اس جعلی واقعے کا الزام پاکستان پر لگا کر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

 واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہنا تھا بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کی جا رہی ہے، بھارتی افواج جان بوجھ کر پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، جن بھارتی پوسٹوں سے شہریوں پر فائرنگ ہو رہی ہے صرف ان ہی پوسٹوں پر جوابی کارروائی کر رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر کی جانے والی جارحیت پر بھارت کو جج، جیوری اور سزا دینے والا بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈرون یا راکٹ حملے کا آغاز نہیں کیا، نہ ہی کوئی فضائی حملہ کیا، صرف چھوٹے ہتھیاروں سے بھارتی فوجی چوکیوں پر جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے مہم چلائی کہ پاکستان نے ڈرون، فضائی حملے کیے، جو جھوٹ اور افسانہ ہے، 21 ویں صدی کی جنگ میں ہر حملے کا الیکٹرانک ثبوت ہوتا ہے، اگر پاکستان نے کوئی میزائل حملہ کیا ہوتا تو اس کا کوئی الیکٹرانک ثبوت ہوتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی دعویٰ ہے انہوں نے پاکستانی طیارے گرائے تو پھراس کا ملبہ کہاں ہے؟ اگر ان کے پاس ہمارے پائلٹ ہیں تو وہ کہاں ہیں؟ بھارت نے وہاں پر بین الاقوامی میڈیا کو خاموش کر دیا ہے، اب بھارتی میڈیا ہر گھنٹے فرضی کہانیاں بنا رہا ہے جو مضحکہ خیز بن چکی، جب ہم جواب دیں گے تو دنیا خود سن لے گی، ہمیں بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا بھارت نے پاکستان میں 6 مختلف مقامات پر عبادت گاہوں پر حملے کیے، بھارت نے بغیر ثبوت عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنایا، پاکستان نے بھارتی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے، بھارتی دعوے کے ثبوت نہیں دیکھے، ایسا کوئی ثبوت موجود ہی نہیں، بھارت کو جج، جیوری اور سزا دینے والا بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

Back to top button