بھارت نےبغیراطلاع چناب میں 8لاکھ کیوسک کاریلاچھوڑ دیا

بھارت نےپاکستان کو اطلاع دیئے بغیر دریائے چناب میں 8لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا چھوڑ دیا۔ہیڈمرالہ کے مقام پر بڑے سیلاب کاخدشہ ہے۔

ذرائع محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے گیٹ کھولنے سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا پاکستان پہنچے گا۔

ذرائع پنجاب حکومت کا بتانا ہے کہ 8 لاکھ کیوسک کا ریلا 2 روز بعد ہیڈ مرالہ پہنچ جائےگا۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  آنے والے سیلابی ریلے کی اطلاع ابھی ملی ہے، دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں اعلانات کروا رہے ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی ریلے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

بھارت نے چند روز قبل بھی 9 لاکھ کیوسک کا سلابی ریلا چھوڑا تھا، تاہم اس وقت دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریا اس معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، ہر طرف مکانات، راستے، سڑکیں گھر سب سیلابی پانی میں ڈوبے نظر آرہے ہیں جب کہ مختلف علاقوں سے لاکھوں لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔

دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر مسلسل دوسرے روز بھی شدید سیلابی صورتحال ہے جب کہ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا مسلسل چوتھے روز بھی اسی صورتحال سے دوچار ہے۔

لاہور میں شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح مسلسل کم ہونے لگی، دریائے راوی میں 78 ہزار کیوسک ریلا گزر رہا ہے۔

Back to top button