وزیراطلاعات عطاتارڑ نے خیبرپختونخواحکومت کوتنقیدکانشانہ بناڈالا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبے انتہائی زبوں حالی کا شکار ہیں۔
عطا تارڑ کا قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کو بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی انقلابی منصوبہ پیش کیا گیا، جبکہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف دوٹوک مؤقف اپنایا، جس پر ایران کے مستقل مندوب نے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور پاکستان ہر مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ غزہ کے نہتے عوام پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کی ہے۔ فلسطینی کاز پاکستان کے دل کے قریب ہے اور ہر عالمی فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کی جاتی رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ کے فضل سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ پی ٹی آئی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر سے روکنے کی کوشش کی، مگر اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات وطن بھیج کر حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں میں اضافے اور ٹیکس میں نرمی کے ذریعے بھرپور ریلیف دیا گیا۔ ملک میں ٹوبیکو مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔