پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم پارلیمان منایا جا رہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج عالمی یومِ پارلیمان منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد جمہوریت، عوامی نمائندگی اور قانون سازی کے عمل میں پارلیمان کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
عالمی یومِ پارلیمان کو اقوام متحدہ نے 2018ء میں باقاعدہ طور پر منانے کی منظوری دی تھی،تاکہ دنیا بھر کے پارلیمانی ادارے اپنی کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور عوام سے تعلقات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں۔
اس سال عالمی یومِ پارلیمان کا تھیم "جمہوریت کے لیے مضبوط پارلیمان” ہے، جو اس امر کی اہمیت کو واضح کرتا ہے کہ پارلیمانی ادارے ایک فعال، شفاف اور جوابدہ جمہوریت کی بنیاد ہوتےہیں۔
پاکستان سمیت مختلف ممالک میں اس موقع پر سیمینارز، کانفرنسز اور آگاہی پروگرامز منعقد کیے جارہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ پارلیمان نہ صرف قانون سازی کا مرکز ہے بلکہ یہ عوام کے حقوق کے تحفظ، قومی اور عوامی مسائل کے حل کےلیے پالیسی سازی میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔
یہ دن اس بات کا اعادہ کرنےکا موقع ہےکہ پارلیمان عوام کی آواز ہے اور اسے مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنانے کےلیے تمام فریقین کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی۔