ایران کا امریکی حملوں پر اقوامِ متحدہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ایران نے ہرمزگان صوبے میں مبینہ امریکی حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلامتی کونسل سے فوری کارروائی اور امریکا کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھےگئے خط میں جنوبی صوبے ہرمزگان میں پلوں ریلوے سٹیشنوں اور رہائشی علاقوں پر ہونےوالے مبینہ امریکی حملوں کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق سعید ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہےکہ یہ حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینے سے روکتا ہے۔
ایرانی مندوب نے کہاکہ جمعرات کی رات اور جمعہ کی صبح ہونےوالے حملوں میں بندر عباس اور کہورستان بندر خمیر کے راستوں پر کئی اہم پل تباہ ہوئے،ایک پل کو نشانہ بنائےجانے کےبعد ایک عام شہری کی گاڑی تباہ ہوئی،جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے۔
سعید ایروانی نے بتایا کہ بندر عباس ریلوے سٹیشن، جو بین الاقوامی شمال جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کا اہم حصہ ہے،کو بھی براہِ راست فوجی حملے میں نشانہ بنایاگیا،جس سے ٹرمینل کو نقصان پہنچا اور ریلوے کےدو ملازمین زخمی ہوئے، اس روٹ پر مسافر ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔
خط میں کہاگیا ہےکہ تصدیق شدہ 43 اموات میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 22 خواتین اور نو کم عمر بچے شامل ہیں۔
ایران کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کاحوالہ دیتےہوئے سعید ایروانی نے کہا کہ جولائی کے آغاز سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کرچکی ہے، جب کہ 47 افراد تشویشناک حالت میں ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہری املاک،خاص طور پر اہم ٹرانسپورٹ اور ریلوے نیٹ ورک کو بار بار نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے،امریکا جانی نقصان، زخمیوں، بنیادی ڈھانچے کی تباہی، ماحولیاتی نقصانات اور دیگر نتائج کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔
ایرانی سفیر نے سلامتی کونسل پر زوردیا کہ وہ اپنے چارٹر کےتحت اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرے اور امریکہ کی مبینہ خلاف ورزیوں کےلیے جواب دہی یقینی بنائے۔
شہید ایرانی شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا: عباس عراقچی
سعید ایروانی نےکہا کہ اگر اقوام متحدہ کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہےتو ایران بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خود مختاری،علاقائی سالمیت،عوام اور قومی مفادات کے تحفظ کےلیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
