ایرانی جنگ بندی تجاویز مسترد , خام تیل مزید مہنگا ہوگیا

 

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی تجاویز کو مسترد کیے جانے اور آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 3 فیصد سے زائد بڑھ گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 104 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔

تیل کی قیمتوں پر نظر رکھنے والے عالمی اداروں کےمطابق ایران امریکا کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کےحوالے سے خدشات کے باعث سرمایہ کاروں میں بے یقینی پائی جارہی ہے، جس کے اثرات براہ راست عالمی توانائی مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق جنگ کے آغاز کےبعد سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 20 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوچکاہے،جس سے عالمی معیشت اور ایندھن کی سپلائی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق بھیجی گئی تجاویز کو مسترد کرتےہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران کے نام نہاد نمائندوں کی طرف سے دیاگیا جواب پڑھا ہے جو انہیں بالکل پسند نہیں آیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی جواب مکمل طور پر ناقابل قبول ہے،جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے اور تیل کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کےخدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

 

Back to top button