اسرائیلی فضائیہ کی ایران میں اینٹی ٹینک میزائل بنانے کے مرکز پربمباری

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے مغربی ایران میں اینٹی ٹینک میزائل بنانے کے مرکز پر بمباری کی گئی۔
اسرائیلی فضائیہ نے تہران کے قریب ایران کے ایک اینٹی ٹینک میزائل بنانے کے مرکز کو بمباری کا نشانہ بنایا، جو ایران کی جانب سے حزب اللہ کو سپلائی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایران کی جانب سے تیار کردہ سیکڑوں اینٹی ٹینک میزائل لبنان میں حزب اللہ کو منتقل کیے گئے۔جنگ کے دوران حزب اللہ نے اسرائیل پر سیکڑوں اینٹی ٹینک میزائل داغے، جن کے نتیجے میں متعدد فوجی اور عام شہری ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ مغربی ایران میں فضائی حملوں کی ایک نئی لہر جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈفرین نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے طیارے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے لانچ اور ذخیرہ کرنے کے مقامات پر پرواز کر رہے ہیں، طیارے ان افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو ان پہلے سے نشانہ بنائے گئے مقامات پر واپس جا کر اسلحہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ان کے لیے پیغام واضح ہے کہ اگر آپ اس علاقے میں دہشت گردی کی صلاحیتیں بحال کرنے کی کوشش کریں گے تو آپ کو نشانہ بنایا جائے گا۔