اسرائیلی آرمی چیف نےغزہ جنگ بندی کی حمایت کردی

اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے بھی غزہ جنگ بندی معاہدے کی حمایت کر دی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایال زمیر نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایسے حالات پیدا ہو گئے ہیں جو حماس کے ساتھ معاہدے کے لیے سازگار ہیں، اس لیے حکومت کو ثالثوں کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ جنگ بندی قبول کرنی چاہیے۔
حیفا میں بحری اڈے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے بتایا کہ اسٹیو وٹکوف کے پیش کردہ فریم ورک کے مطابق معاہدے کی صورت موجود ہے، تاہم اب فیصلہ وزیراعظم نیتن یاہو کے ہاتھ میں ہے۔
ایال زمیر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ غزہ شہر پر قبضے کی کوشش سے یرغمالیوں کی زندگیوں کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حماس گزشتہ ہفتے مجوزہ جنگ بندی معاہدے کو منظور کر چکی ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے غزہ شہر پر قبضے کے لیے فوجی آپریشن کی منظوری دی ہے، جس کے بعد حملوں میں شدت آ گئی ہے۔
