’’کنگ خان کی فلم ’’جوان‘‘ کا ریلیز کے پہلے ہی روز ریکارڈ‘‘

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’جوان‘‘ نے بھی ریلیز کے پہلے ہی روز کمائی کا ریکارڈ بنا ڈالا ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق فلم کی پہلے روز کی کمائی 75 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے۔بالی وُڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’جوان‘‘ نے اپنی ریلیز سے پہلے ہی انڈیا سمیت دنیا بھر میں اپنی کامیابی منوا لی تھی۔جوان کے ریلیز ہونے کے بعد سنیما گھروں میں تِل دھرنے کی جگہ نہیں مل رہی اور شاہ رخ خان کے مداح اور فلم بِین جوان کی ٹکٹیں حاصل کرنے کے لیے بے چینی کا شکار ہیں۔جوان کی ریلیز سے قبل ہی انڈیا بھر میں پہلے دن کے لیے 13 لاکھ کے قریب ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہوگئے تھے جس کے بعد یہ فلم اپنی ریلیز کے پہلے روز کھڑکی توڑ بزنس دینے کو تیار ہے۔مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے ہی سنیما گھروں میں پہلا شو چلایا گیا ہے جبکہ فلم نے دوپہر 12 بجے تک انڈیا کے دو بڑے سنیما گھروں ’پی وی آر‘ اور ’سنیپولیس’ سے 19 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔جوان کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، نائنتھارا، وجے سیتھوپاتھی، پریامانی، ثانیہ ملہوترا اور سنیل گروور شامل ہیں جبکہ دپیکا پاڈوکون اس فلم میں سپیشل کیمیو رول کر رہی ہیں، اس فلم کو جنوبی انڈیا کے ہدایتکار ایٹلی کمار نے بنایا ہے۔دوسری جانب جوان فلم مداحوں کے ساتھ ساتھ تجزیہ کاروں اور ناقدین کو بھی پسند آئی ہے۔ٹوئٹر ہینڈل پن سٹار نے سنیما ہال کے اندر اور باہر کی ویڈیو شیئر کیں جس میں عوام جوان کے سحر میں مکمل طور پر مبتلا نظر آ رہے ہیں اور سنیما ہال کے اندر جشن کا سا سماں ہے، فلم کے آرٹ ڈائریکٹر نے انکشاف کیا تھا کہ ’جوان‘ کے ذریعے بالی وُڈ کے ’کنگ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ نے 3000 خاندانوں کی مدد کی ہے۔رپورٹ کے مطابق فلم کو بیک وقت ہندی اور تامل سمیت دیگر زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر تمام زبانوں میں فلم صرف بھارت سے ہی 75 کروڑ روپے کمائے گی تاہم ’جوان‘ کی پہلے دن کی حتمی کمائی کی تصدیق ایک روز بعد ہوگی اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم بالی وڈ کی پہلے دن کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنے گی۔’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ ’جوان‘ کی ریلیز کے موقع پر بھارت کے 30 سینما گھر ایسے ہیں جنہوں نے اسی فلم سے آغاز کیا اور وہ کئی سال قبل بند ہوچکے تھے، لیکن شاہ رخ خان کی فلم کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے دوبارہ کاروبار شروع کر دیا،’جوان‘ کی ریلیز سے قبل ہی اس کے 9 لاکھ 50 ہزار سے زائد ٹکٹکس فروخت ہو چکے تھے، جن کی مالیت 26 کروڑ روپے تک تھی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جوان‘ نہ صرف شاہ رخ خان بلکہ بولی وڈ کی بھی پہلی فلم بنے گی جو سب سے کم وقت میں 500 کروڑ روپے کمائے گی اور یہ کمائی میں سب سے آگے نکل جائے گی۔

Back to top button