فنڈز کی عدم فراہمی،لاہور کی میٹروبس سروس بند کرنےکااعلان

فیول فنڈز کی عدم فراہمی پر لاہور میں میٹرو بس سروس چلانے والی نجی کمپنی نے 11 اگست سے تمام آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

میٹرو بس سروس چلانے والی کمپنی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حتمی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور مزید میٹرو بس آپریشن جاری رکھنا ممکن نہیں۔

کمپنی کے مطابق 29 جولائی کے عدالتی حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کے باعث آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو ہونے والے اجلاس میں مسئلے کے حل پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم تاحال پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا۔

ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے فیول کی مد میں واجب الادا رقم ادا نہیں کی جارہی، جس کے باعث کمپنی کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

کمپنی نے اپنے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ اگر فیول کی فراہمی اور واجبات کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو 11 اگست سے لاہور میٹرو بس کے تمام آپریشنز معطل کردیے جائیں گے۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول کے معاملے پر عدالت بھی نجی کمپنی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو اس سے قبل بھی متعدد نوٹس بھجوائے جاچکے ہیں۔

 

دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے میٹرو بس سروس بند ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس بند ہونے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق نجی کمپنی کے ساتھ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور عدالت میں کیس کے ساتھ ساتھ فریقین کے درمیان متوازی ثالثی کا عمل بھی جاری ہے۔

Back to top button