لاہور ٹیسٹ : پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کر سبقت حاصل کر لی۔
لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 183 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستانی بالرز کے سامنے جنوبی افریقی بلے باز مشکلات کا شکار نظر آئے، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4۔4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10 شکار کیے۔
میچ کے چوتھے دن کا آغاز جنوبی افریقا کے بیٹر ریان ریکلیٹن اور ٹونی ڈی ذوزی نے کیا لیکن ڈی ذوذی اپنےگزشتہ روز کے سکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہو گئے۔
اس کےبعد نعمان علی نے پہلے ٹریسٹن اسٹبز اور پھر ڈیوڈبریوس کو آؤٹ کیا جبک ہ ساجد خان نے جنوبی افریقا کے سیٹ بیٹر ریان ریکلیٹن کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کروا دیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے وریینی اور سبراین کو آؤٹ کیا جب کہ ساجد خان نے متھو سوامے کو اپنا شکار بنایا جب کہ آخری کھلاڑی کو بھی شاہین آفریدی نے بولڈ کیا۔
خیال رہے کہ کھیل کے تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کھانے کے وقفے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 378 رنز کے جواب میں 269 رنز بنا سکی تھی۔
پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 109 رنز کی برتری سے کیا اور تیسرا دن مکمن بھی نہیں ہوا تھا کہ 167 پر ڈھیر ہوگئی اور یوں جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 277 کا ہدف ملا۔
جنوبی افریقی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے تیسرے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا چکی تھی۔ کپتان ایڈن مارکرم 3 اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنا ئے آؤٹ ہوئے تھے۔
