چھ ججوں نے دباؤ ڈالنے والوں پر توہین عدالت کیوں نہ لگائی؟

پوری دنیا میں ججز ہر قسم کے دباؤ کا مقابلہ توہین عدالت کے قانون سے کرتے ہیں۔ اگر سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کی بجائے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ میں سے کوئی ایک جج بھی دباؤ ڈالنے والے کو توہین عدالت کا نوٹس دے دیتا تو صورتحال کتنی مختلف ہوتی۔ ایسے میں سپریم کورٹ کی یہ وضاحت کافی ہے کہ جج صاحبان جو اختیار ان کے پاس ہے اس کا استعمال کرنے میں مکمل آزاد ہیں۔ اس پر کوئی رکاوٹ ہے نہ تھی۔ یہ جج خود توہین عدالت کی کارروائی کرنے سے ڈرتے رہے اور ان کا یہ خط بھی راہ فرار ہی ہے۔ یہ خط قانونی اور آئینی نہیں بلکہ ایک سیاسی خط ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی مزمل سہروردی نے اپنے ایک کالم میں کیا ہے. وہ لکھتے ہیں کہ سوموٹو کی پہلی سماعت میں سوموٹو کے لیے تین سو وکلا کی جانب سے لکھے گئے خط کا بھی ذکرہوا۔ چیف جسٹس نے خود ہی کہہ دیا کہ اول تو اس خط پر صرف نام ہیں‘ کسی کے دستخط موجود نہیں ہیں۔ اس لیے قانون کی نظر میں اس کو تین سو وکلا کا خط نہیں کہا جا سکتا۔ سب سے اہم قانونی نقطہ یہ ہے کہ وکلا کیسے عدالت سے سوموٹو کا مطالبہ کیسے کر سکتے ہیں۔ وکلا تو عدالت میں پٹیشن دائر کر سکتے ہیں اور مطالبہ کر سکتے ہیں کہ ان کی پٹیشن سنی جائے۔۔ عدالت کے یہ ریمارکس درست ہیں کہ جو وکیل سوموٹو کا مطالبہ کرے‘ وہ وکالت کی توہین کر رہا ہے۔ قانون کے ماہر ہو کر آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔ اس لیے پہلی سماعت میں اس خط کا بھی بھرکس نکل گیا ہے۔ واضح کر دیا گیا ہے کہ اس کی نہ تو کوئی قانونی حیثیت تھی اور نہ ہی کوئی عوامی حیثیت ۔ لیکن پھر بھی خط نے اپنا کام کر دیا ہے۔ خط جسٹس تصدق جیلانی کو بھگانے کے لیے لکھا گیا تھا اور وہ بھاگ گئے۔ خط سپریم کورٹ کو سوموٹو اور فل کورٹ پر مجبور کرنے کے لیے لکھا گیا تھا‘ وہ مقصد بھی حاصل ہوگیا۔ اس لیے بے شک خط لکھنے والوں کی تھوڑی سبکی ہو گئی ہے۔ لیکن خط لکھنے والے اپنے مقاصد سو فیصد حاصل کر گئے ہیں۔ اس لیے خط ایک ماسٹر سٹروک تھا جو نشانے پر لگا۔اگر لکھنے والوں کی تھوڑی بہت سبکی ہو بھی جائے تو انھیں برا نہیں منانا چاہیے۔ سیاست کے کھیل میں ایسا تو چلتا ہے۔ مزمل سہروردی کے مطابق چھ ججز کیس میں نہ تو کوئی سیاسی جماعت فریق ہے اور نہ ہی کوئی عام شہری فریق ہے۔ یہ چھ ججز کے سپریم جیوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط پر ایک سو موٹو کی سماعت ہے۔ آپ سپریم کورٹ کی بار کو بطور وکلا ء کے نمائندے کے سن لیں۔ ویسے تو اس کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔ لیکن سیاسی جماعتوں کے وکلا ء کی درخواستوں کو اس میں شامل کرنا درست نہیں ہوگا۔ دوران سماعت یہ ابہام بھی واضح ہوگیا کہ انکوائری کمیشن کے لیے جسٹس تصدق جیلانی کا نام چیف جسٹس پاکستان اور وزیر اعظم کی ملاقات میں عدلیہ کی جانب سے دیا گیا۔ عدلیہ نے دو نام دیے تھے۔ ایک تصدق جیلانی کا دوسرا ناصر الملک کا۔ حکومت نے جسٹس تصدق جیلانی کا نام بہتر سمجھا۔ لیکن وہ دباؤ برداشت نہیں کر سکے۔2014میں جب چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کا معاملہ چل رہا تھا تب بھی تصدق جیلانی کا نام سامنے آیا تھا۔ لیکن عمران خان نے مخالفت کر دی تھی اور انھوں نے عمران خان کی کنٹینر کی ایک تقریر کے بعد معذ رت کر لی تھی۔ اس باربھی وہ ایک خط کے بعد معذرت کر گئے ہیں۔ اس لیے کچھ نیا نہیں ہوا ہے۔ بس اس پہلی سماعت سے حکومت کی اتنی پوزیشن واضح ہو گئی ہے کہ ان کا نام عدلیہ کی طرف سے آیا تھا۔ حکومت کی چوائس نہیں تھا۔ مزمل سہروردی کہتے ہیں کہ ججز کس پر سوموٹو کی پہلی سماعت میں یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ ہائی کورٹ کے ججز کے پاس کسی بھی قسم کے دباؤ کو مسترد کرنے اور اس سے نبٹنے کے لیے توہین عدالت کے وسیع اختیارات ہیں۔ اگر کوئی ان پر غیر قانونی دباؤ ڈالے تو کوئی بھی جج اسے توہین عدالت میں سزا دے سکتا ہے۔ اس میں اس کو نہ تو چیف جسٹس اور نہ ہی سپریم کورٹ کی کسی اجازت اور مدد کی ضرورت ہے۔ ججوں کا یہ خط قانونی اور آئینی نہیں بلکہ ایک سیاسی خط ہے، لیکن اب سپریم کورٹ اگر فل کورٹ بنا رہی ہے تو امید کرتے ہیں کہ خط لکھنے کے چھپے ہوئے مقاصد بھی سامنے آجائیں گے۔

Back to top button