بی آر ٹی پشاور کے  خسارے پر قابو پانے کیلئے کرایہ بڑھانے پر غور

بی آر ٹی پشاور کے اربوں روپے کے سالانہ خسارے پر قابو پانے کے لیے کرایہ بڑھانے کی تجویز  زیر غور ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا سالانہ خسارہ 6 ارب روپے سے بڑھ گیا ہے اور خسارے پر قابو پانے کیلئے بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے سمیت دیگر آپشنز پر غور جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی نے محکمہ خزانہ کو کرایہ بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے اور بتایا ہے کہ بی آر ٹی کا کرایہ 5 روپے بڑھانے سے 67 کروڑ کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ 10 روپے کرایہ بڑھانے سے ایک ارب 36 کروڑ روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بی آر ٹی رائیڈرشپ میں اضافے کے باوجود ہر سال سبسٹدی بڑھ رہی ہے، حکومتی خزانے سے ہر مسافر کو 50 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، ایک مسافر سے 28 روپےکرایہ وصول کیا جا رہا ہےجبکہ خرچہ 80 روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کا ماہانہ بجلی اور ڈیزل کا خرچہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، محکمہ خزانہ نے بی آر ٹی کو خسارے سے نکالنےکیلئے متعلقہ حکام سے مزید تجاویز مانگ لی ہیں۔

Back to top button