ویب سیریز ’’قاتل حسینائوں کے نام‘‘ ایشین اکیڈمی لے اُڑی

برطانوی نژاد بھارتی فلم ساز مینا گور کی ہدایتکاری میں بننے والی معروف ویب سیریز ’’قاتل حسینائوں کے نام‘‘ ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ قاتل حسیناؤں کے نام‘ کو بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر 10 دسمبر 2021 کو ریلیز کیا گیا تھا، سیریز میں ثروت گیلانی، مہربانو، صنم سعید، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، بیو رانا ظفر، سامعہ ممتاز اور سامعیہ عارف سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، ویب سیریز میں شہریار منور اور احسن خان سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔ اس کی ہدایات برطانوی نژاد بھارتی فلم ساز مینا گور نے دی ہیں جو کہ اس کی شریک لکھاری بھی ہیں، ویب سیریز کے دوسرے لکھاری پاکستانی فلم ساز فرجاد نبی ہیں۔ ویب سیریز کی کہانی خواتین کے گرد گھومتی ہے اور شائقین کو اس میں محبت، انتقام، انقلاب اور دوسروں کی خدمت کرنے کی مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔

اس سیریز کی مرکزی کہانی 6 خواتین کے گرد گھومتی ہے اور اس میں متعدد بولڈ اور خوفناک مناظر بھی شامل ہیں۔ سیریز کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا گیا تھا، تاہم پاکستان میں اس میں کرداروں کو بولڈ دکھائے جانے پر بھی بعض شائقین نالاں دکھائی دیے تھے۔ ویب سیریز نے ریلیز کے ایک سال بعد سنگاپور میں ہونے والے ایشیائی سطح کے فلمی میلے میں بہترین سنگل ٹی وی ڈراما یا ٹیلی فلم کی کیٹیگری کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ سیریز کو ’ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز‘ کی جانب سے ایوارڈ دیے جانے کی خبر اداکارہ ثروت گیلانی اور صنم سعید نے بھی شیئر کی جب کہ دیگر اداکاراؤں نے بھی فلم ساز کی انسٹاگرام پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

اگرچہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کی تمام کاسٹ پاکستانی تھی، تاہم اس کی ہدایات بھارتی نژاد فلم ساز نے دی تھیں جب کہ اسے پروڈیوس بھی بھارتی نژاد پروڈیوسر نے کیا اور اسے ریلیز بھی وہیں کیا گیا تھا، اس لیے اسے بھارت کی جانب سے منتخب کرکے ایوارڈ سے نوازا گیا، فلم ایوارڈ میں بھارت اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ایشیائی ممالک حصہ لیتے ہیں، تاہم پاکستان اس ایوارڈ میں حصہ نہیں لیتا۔

Related Articles

Back to top button