اداکارہ صرحا اصغر اپنی اور شوہر کی نیند کیسے پوری کرتی ہیں؟

معروف ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر نیند پوری کرنے کے لیے بچے کو والدہ کے ہاں چھوڑ کر بیرون ملک روانہ ہو جاتے ہیں، صرحا اصغر کے ہاں نومبر 2022 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد وہ کچھ عرصے کیلئے سکرین سے دور تھیں لیکن اب ان کی اسکرین پر واپسی ہوئی ہے۔حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں، اداکارہ کے مطابق رمضان المبارک میں وہ گھر پر افطاری تیار نہیں کرتیں بلکہ ان کے شوہر کرتے ہیں اور وہ اچھا کھانا بنا لیتے ہیں، ان کے گھر میں کوئی بھی چائے نہیں پیتا، اس لیے وہ بھی چائے نہیں پیتیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں کسی اداکار کے ساتھ پوری زندگی کام کرنا پڑے تو وہ فواد خان کے ساتھ ساری عمر کام کریں گی، انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں لاہور میں شوٹنگ کے دوران ایک سینئر اداکارہ نے انہیں پیشانی کی میک اپ سرجری کرانے کا مشورہ دیا، اداکارہ نے بتایا کہ سینئر اداکارہ نے انہیں کہا کہ ان کی پیشانی پر لائنیں بن جاتی ہیں، اس لیے وہ فلر کروالیں، میک اپ پراسیجر کروانے کا مشورہ دینے والی اداکارہ کا نام نہیں بتایا، تاہم دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے خود بھی میک اپ سرجری کرا رکھی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں صرحا اصغر نے انکشاف کیا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وہ اور ان کے شوہر نیند مکمل کرنے کے لیے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ بچے کی پیدائش کے بعد ان کی نیند مکمل نہیں ہوتی، اس لیے وہ اور ان کے شوہر ہر تین ماہ بعد بچے کو والدہ کے پاس چھوڑ کر بیرون ملک نیند کرنے جاتے ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی وہ بچے کو والدہ کے پاس چھوڑ کر ترکیہ چلے گئے تھے اور وہ وہاں پورا وقت سوتے رہے، نیند مکمل کرنے کے لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ ان کے آس پاس نہ ہو، اس لیے وہ اپنے ملک کے کسی دوسرے شہر کے بجائے بیرون ملک نیند مکمل کرنے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ صرحا اصغر نے دسمبر 2020 میں عمر لالا سے خاموشی سے شادی کی تھی اور نومبر 2022 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
