گھر سے گلوکار بننے نکلے ’’کپل شرما‘‘ کامیڈین کیسے بن گئے؟

کہتے ہیں جو قسمت میں لکھا ہوتا ہے وہ ہو کر رہتا ہے، ایسا ہی کچھ معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ساتھ بھی ہوا جوکہ گھر سے گلوکار بننے کے لیے نکلے تھے لیکن قسمت نے انہیں کامیڈین بنا دیا، آج بھارت سمیت پوری دنیا میں ان کی کامیڈی کا ڈنکا بجتا ہے۔مشہور سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر’گریٹ انڈین کپل شو‘ آج ریلیز ہو رہا ہے، کپل شرما اپنے پرانے ساتھیوں سنیل گرور، کرشنا ابھیشیک، ارچنا پرون سنگھ، کیکیو شاردہ اور راجیو ٹھاکر کے ہمراہ نیٹ فلکس پر جلوہ گر ہوں گے، آئیے کپل شرما کے ’گریٹ انڈین لافٹر چیلینج‘ سے ’گریٹ انڈین کپل شو‘ تک کے سفر پر نگاہ ڈالتے ہیں۔کپل شرما دو اپریل 1981 کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ جنک رانی نے ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ کپل ایک بچے کے طور کبھی شرمیلے نہیں تھے، وہ کہتی ہیں کہ ’حتی کہ چار سال کی چھوٹی عمر سے ہی کپل اس قدر بے جھجھک تھا کہ شادیوں اور خاندان کے دوسری تقریبات میں وہ مائیک لے کر سٹیج پر چڑھ جاتا، گانے گاتا اور لطیفے سناتا تھا۔وہ کہتی ہیں کہ ’کپل کے والد 2004 میں کینسر سے لڑتے فوت ہو گئے تھے۔کپل شرما نے بطور کامیڈین اپنے کیریئر کا آغاز ایک ٹی وی شو’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سے کیا تھا، انڈیا کے شہر امرتسر میں ہونے والے اس شو کے آڈیشن میں وہ پہلی مرتبہ ناکام ہو گئے تھے لیکن پھر دہلی جا کر انہوں نے دوبارہ آڈیشن دیا اور نہ کہ صرف آڈیشن میں کامیاب ہوئے بلکہ لافٹر چیلنج جیت کر دس لاکھ کی خطیر رقم کے ساتھ واپس لوٹے۔کپل شرما نے اس انعامی رقم کو اپنی بہن کی منگنی میں خرچ کیا۔ ایک انٹرویو میں کپل شرما بتاتے ہیں کہ کہ ’میں اپریل میں ممبئی آیا تھا اور خوش قسمتی سے میں نے لافٹر چیلنج جیتا اور 10 لاکھ روپے حاصل کیے ’میں نے اسی رات اپنی بہن کو فون کیا، شو پوسٹ کیا اور کہا کہ اپنی انگوٹھی خرید لو پھر میں نے شو کرنا شروع کیا اور 30 لاکھ کمائے جو اس کی شادی کے لیے کافی تھے، کپل شرما کی کامیابیوں کی یہ تو بس شروعات تھی۔کپل شرما کہتے ہیں کہ یہ کامیابی کوئی راتوں و رات نہیں مل گئی، یہ 15 سالوں کی کڑی محنت کا نتیجہ ہے، سونی ٹی وی پر نشر ہونے والا ’کپل شرما شو‘ کپل کی ایک بڑی کامیابی تھی۔رنبیر کپور سے پرینکا چوپڑا اور عالیہ باٹ سے کترینہ کیف تک بالی وُڈ کا شاید ہی کوئی ایسا ستارہ ہو جس نے کپل شرما شو میں شرکت نہ کی ہو۔کپل شرما شو تو نئی ریلیز ہونے والی فلموں کی پروموشن کے لیے آماجگاہ بنا رہا۔کپل شرما نے 2017 میں فلم فرنگی میں لیڈ رول نبھایا لیکن یہ باکس آفس پر کوئی زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔ کپل شرما کا نیٹ فلکس پر پہلا شو 2022 میں ’آئی ایم ناٹ ڈن یٹ‘ کے نام سے ریلیز ہوا تھا جس میں انہوں نے 2017 میں انہیں درپیش خود کشی کے متعلق خیالات کا محتاط انداز میں ذکر کیا تھا۔ نیٹ فلکس پر آج کے روز ریلیز ہونے والے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے ساتھ اداکار کئی حوالوں سے اپنی جڑوں کی طرف لوٹ رہے ہیں، اس شو میں کپل شرما کے ساتھ کپور خاندان کے افراد، فلم ساز امتیاز علی، اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ، پری نیتی چوپڑا، عامر خان اور کرکٹر روہت شرما مہمان کے طور پر ساتھ نبھاتے نظر آئیں گے۔

Back to top button