احد رضا میر کے چھوٹے بھائی کی ڈرامہ انڈسٹری میں انٹری

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں نوجوان ٹیلنٹ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اداکار احد رضا میر کی جانب سے ڈراموں میں نام کمانے کے بعد ان کے چھوٹے بھائی عدنان رضا میر نے بھی شوبز انڈسٹری میں انٹری کر لی ہے۔
عدنان رضا میر رمضان میں آنے والے نئے ڈرامے ’فیری ٹیل‘ میں اداکارہ آئنہ خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ڈرامے کی کاسٹ میں حمزہ سہیل، سحر خان، علی سفینہ، سلیم شیخ، سلمیٰ حسن اور دیگر شامل ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کی جانب سے نئے ڈرامے ’فیری ٹیل‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے، ٹیزر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عدنان کی اداکاری کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔
ڈرامے کی کہانی بظاہر رومانوی ہے، احد رضا میر اور ان کے چھوٹے بھائی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار آصف رضا میر کے بڑے بیٹے ہیں، تاہم عدنان رضا میر کینیڈا سے فلم کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔یہ ڈرامہ سارہ مجید نے تحریر کیا ہے جبکہ علی حسن نے ہدایت دی ہے۔
26 سالہ احد رضا میر کے کیریئر پر ایک نظر ڈالی جائے تو انہوں نے اداکاری کا آغاز 2010 کے ڈرامے ’خاموشیاں‘ کے ساتھ کیا۔وہ ’سمی‘، ’یقین کا سفر‘، ’آنگن‘ جیسے ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، ان کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔ڈرامہ ’عہد وفا‘ اور ’یہ دل میرا‘ میں انہوں نے کافی پزیرائی سمیٹی اور مداحوں نے بھی بے حد پسند کیا۔
واضح رہے کہ اداکار احد رضا میر اور اداکارہ رمشا خان کے درمیان اشاروں، کنایوں میں کی جانے والی گفتگو، ان کی ایک دوسرے میں دلچسپی سے متعلق چہ مگوئیوں کو ہوا دینے لگیں۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ روز احد رضا میر نے اپنی ایک تصویر ’آف لائن‘ کیپشن کے ساتھ اپ لوڈ کی۔
ان کی اس پوسٹ پر اداکارہ رمشا خان نے فوری کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’نہیں، آن لائن‘۔ دونوں فنکاروں کے درمیان اشاروں، کنایوں میں ہونے والی گفتگو نے سوشل میڈیا صارفین کو ایک نیا موضوع بحث دے دیا ہے۔
اب ایک بار پھر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ہر دلعزیز جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی وجہ رمشا خان ہی ہیں جبکہ کئی سوشل میڈیا صارفین کے مطابق ان دونوں کے درمیان کچھ چل رہا ہے۔
اس سے قبل ان دونوں اداکاروں نے ڈرامہ سیریل ’ہم تم‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، ان کی آن اسکرین جوڑی کو مداحوں نے بے حد پسند بھی کیا تاہم اس کے بعد رمشا خان کو ایک انٹرویو میں احد رضامیر کی تعریف کرنا مہنگا پڑ گیا تھا، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی وجہ قرار دیا جانے لگا تھا۔