ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کتابی صورت میں شائع کرنے کا اعلان

پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبولیت حاصل کرنے والے معروف ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے لکھاری خلیل الرحمن قمر نے اس کی کہانی پر مشتمل کتاب ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے، مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کتاب کے ساتھ ڈرامے کی سی ڈی بھی فراہم کی جائے۔ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو 2019 میں اے آر وائی انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا گیا تھا اور اس کی آخری قسط سینماؤں میں دکھائی گئی تھی، اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔

’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ مالدار ہونے کی وجہ سے تعلقات استوار کرنے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ڈرامے کو اس کی کہانی اور ڈائیلاگز کی وجہ سے جہاں پسند کیا گیا، وہیں اس پر خوب تنقید بھی کی گئی، پہلے یہ قیاس آرائیاں بھی تھیں کہ ڈرامے کا سیکوئل بنایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔

لیکن اب ڈراما نگار نے بتایا کہ اسکے سکرپٹ کو اب کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔ خلیل الرحمٰن قمر نے اپنی ٹوئٹ میں کتاب کا ٹائٹل پیج شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ڈرامے کی کہانی کو آئندہ ماہ دسمبر میں شائع کردیا جائے گا۔ ان کے مطابق کتاب دسمبر میں سامنے آجائے گی، جسے خریدنے کے لیے لوگ ابھی سے ہی بکنگ کروا سکتے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا ذاتی وجوہات کی بنا پرعہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد لوگوں نے اس پر کمنٹس کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ اب وہ خواتین کے موضوعات سے نکل کر ملکی حالات پر بھی لکھیں، کچھ لوگوں نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محبت کے علاوہ بھی اور مسائل ہیں اور خواتین کی کہانیوں سے نکل کر اب ملکی سیاست اور حالات پر بھی لکھیں۔ اسی طرح بعض افراد نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کیا وہ مرد حضرات کی مجبوریوں سے نکل کر خواتین کے لیے بھی کچھ اچھا لکھیں گے؟ لوگوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی کہانیوں میں خواتین کو مضبوط اور بہتر کرداروں میں دکھائیں گے؟ اسی طرح بعض لوگوں نے خلیل الرحمٰن سے مطالبہ کیا کہ وہ کتاب کے ساتھ میرے پاس تم ہو کی ویڈیو کلپس بھی دیں، کیوں کہ ان ہی سے مزہ آئے گا۔

Related Articles

Back to top button