جاوید میانداد کی بھارتی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جاوید میانداد نے ہمسایہ ملک بھارت کی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو پاکستان ضرور آنا چاہئے۔
یوٹیوب کی ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔ ایشیاکپ 2023 کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اسکے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے، قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈ لائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کیلیے بھی لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی جانب سے بھی بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی جانب سے رجوع کیے جانے پر معاملہ ہمیشہ اپنی حکومت کے ساتھ جوڑا ہے، جبکہ کھیلوں کے میدانوں کو سیاست اور حکومتی مداخلت سے پاک ہونا چاہئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور نجم سیٹھی کی جانب سے دو ٹوک موقف کے بعد بھارتی بورڈ کو بھی اپنے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی، پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں کرکٹ کو بے حد پسند کیا جاتا ہے لیکن بھارت گزشتہ کئی برسوں سے ہٹ دھرمی سے کام لے رہا ہے ۔

ایلون مسک کا ٹوئیٹر بخار اُترنے لگا، جلد فروخت کا عندیہ

Back to top button