ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو ریٹائرمنٹ کے بعد نئی جاب مل گئی

انڈین ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دنیائے ٹینس کو خیرآباد کہنے کے بعد اپنی زندگی کو دوبارہ سے مصروف بنا لیا ہے، ثانیہ کو بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کا مینٹور مقرر کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ثانیہ مرزا کو ویمن پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورکا مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا ویمن اسپورٹس میں ایک رول ماڈل ہیں، ہمارے لیے یہ خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ ثانیہ مرزا ٹیم کی مینٹور ہیں،ثانیہ ایک ایسی شخصیت ہیں کہ جن کے ساتھ پلیئرز اچھے انداز میں بات کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب ثانیہ مرزا نے بھی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینٹور بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ویمن پریمیئر لیگ سے انڈین ویمن کرکٹ اور مضبوط ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ جب میں نے ٹینس کو خیرآباد کہاتو خواہش تھی کہ لڑکیوں کے لیے مزید کوئی کام کروں۔ثانیہ مرزا نے بتایا کہ میں چاہتی تھی کہ ایسی لڑکیوں کے لیے کام کروں جوکہ زندگی کے میدان میں خود کو کمزور سمجھتی ہیں، یا آگے آنے سے ڈرتی ہیں، خاص طور پر ایتھلیٹ لڑکیوں کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی جس میں کامیابی ملی ہے۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا 6 گرینڈ سلم اور 43 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیت چکی ہیں، دوسری جانب بھارت میں ویمن پریمیئر لیگ کا پہلی مرتبہ انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
