شرپسند اور ریاست مخالف عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے جمعیت علمائے پاکستان (جے یو پی )کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے ملاقات کی، ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی کی شاہ اویس نورانی سے ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ کسی بھی بےگناہ شخص کےخلاف کارروائی نہیں ہوگی،بے قصور افراد کو رہا کیا جائےگا اور کسی بھی مدرسے کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ساتھ ہی یہ بھی طے پایاکہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہاکہ ریاست کے خلاف کسی کو بھی ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ قائداعظم کے پاکستان میں شرپسندی اور انتہا پسندی کےلیے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ انتشار پھیلانے والوں کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا۔
سینیٹر محسن نقوی کاکہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی اور صبر و برداشت کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار اہم ہے،پائیدار امن اور رواداری کے قیام کےلیے تمام طبقات کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، جب کہ دینی تعلیم کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
جے یو پی کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے اس موقع پر کہاکہ امن،رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کےلیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائےگا۔
