محمد رضوان پہلی بار سی پی ایل میں ایکشن کے لیے تیار

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کی فرنچائز سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رضوان لیگ کے باقی ماندہ میچز میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ انہیں افغانستان کے فاسٹ باؤلر فضل الحق فاروقی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو قومی ٹیم میں شمولیت کے باعث ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارباڈوس رائلز کے خلاف آج کے میچ کے لیے رضوان کی دستیابی فی الحال غیر یقینی ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع ہوگا کہ قومی وکٹ کیپر بیٹر سی پی ایل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس میں محمد رضوان کے ساتھ پاکستان کے نسیم شاہ اور عباس آفریدی بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یہ رضوان کا دوسرا غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگ معاہدہ ہے۔ اس سے قبل وہ بگ بیش لیگ کے پندرہویں سیزن میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کے لیے معاہدہ کرچکے ہیں۔
