اٹلی میں ایٹنا آتش فشاں پھٹ پڑا،سیاحوں کا رش لگ گیا

اٹلی کے جزیرے سسلی میں یورپ کا بلند ترین فعال آتش فشاں ماؤنٹ ایٹنا راکھ اور لاوا اگل رہا ہے جس کے شاندار مناظر دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح اور مقامی افراد پہاڑ کا رخ کررہے ہیں۔
موجودہ آتش فشانی سرگرمی ساتویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔ ایٹنا پر اس نوعیت کی سرگرمیاں ماضی میں بھی دیکھی گئی ہیں تاہم موجودہ مرحلے کا مسلسل سات دن تک جاری رہنا غیر معمولی ہے۔
کاتانیا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس اینڈ وولکینولوجی کے ایٹنیئن آبزرویٹری کے ڈائریکٹر سالوو گامبینو کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال اس امکان کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ زیادہ گہرائی سے گیس سے بھرپور میگما اوپر آرہا ہے۔
آتش فشاں کے مختلف حصوں میں بیک وقت سرگرمی جاری ہے جبکہ کچھ مقامات پر لاوا کے چشمے اور لاوا کے بہاؤ دیکھے گئے ہیں۔ فی الحال لاوا کے بہاؤ سے آبادی والے علاقوں کو خطرہ نہیں ہے تاہم راکھ کے بادل سب سے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔
ایٹنا کے لاوا کا نظارہ کرنے کے لیے سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آرہا ہے مقامی گائیڈز نے بتایا کہ بعض شاموں میں 2 ہزار تک افراد آتش فشاں کے علاقے میں پہنچ رہے ہیں۔
