پہلگام واقعہ : پی ٹی آئی کا قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کےلیے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے پہلگام میں سیاحوں کے قتل عام کے واقعے کے بعد بھارت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کےلیے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کو خطرات لاحق ہیں،موجودہ صورت حال کے تناظر میں عمران خان کو رہا کیاجائے۔
سینئر رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے عمل کو پاکستان کےلیے ٹائم بم اور اعلان جنگ قرار دے دیا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بعد گزرنے والا ہر لمحہ پاکستان کےلیے ٹائم بم ہے،یہ بھارت کی جانب سے ہرلحاظ سے پاکستان کےخلاف اعلان جنگ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کی اس وقت کوئی سمت نہیں، ملکی سالمیت کو خطرات لاحق ہیں، موجودہ صورت حال کے تناظر میں عمران خان کو رہا کیا جائے۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نےکہا ہےکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کا رویہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کا رویہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے،اس واقعے کےپیچھے مودی سرکار کے مذموم عزائم کارفرما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایک سازش کے تحت پہلگام واقعے کو استعمال کرکے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے، مودی سرکار خطے میں امن و امان کو خراب کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
ان کا کہناتھاکہ موجودہ حالات قومی اتفاق و اتحاد اور سیاسی استحکام کا تقاضا کرتے ہیں، اس وقت پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، عمران خان کی قیادت میں پوری قوم متحد ہو سکتی ہے، وقت کا تقاضا ہےکہ عمران خان کو رہا کیا جائے اور قومی اتحاد و یگانگت کے ذریعے موجودہ صورت حال سے نمٹا جائے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نےکہا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم جعلی حکومت میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنا ممکن نہیں،موجودہ وقت حقیقی عوامی مینڈیٹ کا متقاضی ہے، جعلی مینڈیٹ سےنجات ضروری ہے۔