پختونخوا حکومت کا کلاؤڈ برسٹ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ ٹیم نہ صرف کلاؤڈ برسٹ کے اسباب کا جائزہ لے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات اور ان کے اثرات کا بھی تفصیلی تجزیہ کرے گی۔
تحقیقاتی ٹیم میں وفاقی وزارت ماحولیات، سپارکو، اور پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین شامل ہوں گے۔ ٹیم بونیر، صوابی اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ان کا موازنہ صوبے کے دیگر علاقوں سے کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، تحقیقاتی ٹیم گزشتہ 20 سال کے موسمیاتی ریکارڈ کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی، جس میں ممکنہ وجوہات اور مستقبل میں ایسے حالات سے بچاؤ کے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلابی صورتحال کے اسباب کا تعین کرنے کے لیے باضابطہ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی بڑی وجہ عالمی سطح پر صنعتی ممالک کی گرین ہاؤس گیسز کا اخراج ہے، جس کے منفی اثرات پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک پر پڑ رہے ہیں۔
شاہد زمان نے زور دیا کہ موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہو چکی ہے، اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔
