دہشت گردی میں بھارت ملوث نکلا،پاک فوج نے ثبوت پیش کردیئے

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث نکلا،پاک فوج کے ترجمان نے ثبوت پیش کردیئے۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔بھارت کے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں۔بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو آپریٹ کرتا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ ایک شخص جہلم بس اڈے سے پکڑا گیا۔ گرفتار شخص مجید کے گھر سے بھارتی ڈرون برآمد ہوا، جبکہ گھر سے 10 لاکھ روپے کیش بھی ملے۔
میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ جہلم سے گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہونے والی گفتگو پکڑی گئی۔ پہلگام حملے کو 7 روز گزر گئے لیکن ابھی تک بھارت نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، بھارت دہشتگردوں کو اسلحہ سمیت دیگر سہولت کاری بھی فراہم کرتا ہے۔گرفتار شخص کی بھارتی فوج کے صوبیدار سے ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، جس میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔
میڈیا کو بریفنگ ک ےدوران میجر جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی فوج کے آفیسر کی دہشتگرد سے ہونے والی گفتگو بھی سنائی جس میں وہ پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ہدایات دے رہا ہے۔ اور کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی لاشیں چاہیے، ایسی کارروائی کرو کہ میڈیا پر رپورٹ ہو اور نظر آئے۔
میجرجنرل احمد شریف نے دکھایا کہ بھارت فوج کا آفیسر پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ویڈیو پر تربیت دے رہا ہے، اور بتا رہا ہے کہ ڈیوائس کیسے استعمال کرنی ہے۔
بریفنگ میں اسکرین پر مزید دہشتگردوں کی تفصیلات بھی بتائیں، اور کہاکہ 4 کردار اس سیل کو چلا رہے ہیں، جس میں حاضر سروس میجر سندیب ورما جس کی شناخت (سمیر) کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اس کے علاوہ صوبیدار سخوندر، حوالدار امت اور بھارتی فوج کے یونیفارم میں ایک اور شخص بھی موجود ہیں۔ پکڑے جانے والے دہشتگرد مجید نے پاکستان میں دہشتگردی کی 47 کارروائیاں کی ہیں۔