پاکستان کی سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ سعودی عرب کی سلامتی،خودمختاری، علاقائی سالمیت کےلیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں مشرق وسطیٰ خصوصاً یمن کی صورت حال پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری، علاقائی سالمیت کےلیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان یمن کی خود مختاری، آزادی،اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے،خطےمیں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کےلیے مذاکرات،سفارت کاری اور تحمل کا راستہ اختیار کریں۔
عثمان جدون نے کہا کہ یمن میں پائیدار امن جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
عثمان جدون نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ملک گیر جنگ بندی اور جامع سیاسی تصفیے کےلیے تعمیری مذاکرات جاری رکھیں۔انہوں نے یمن کے عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتےہوئے کہاکہ برسوں سے جاری جنگ،نقل مکانی، معاشی بحران اور غذائی عدم تحفظ نے عام شہریوں کو شدید متاثر کیا ہے جب کہ مزید کشیدگی ان کے مسائل میں اضافہ کرےگی۔
پاکستان نے اقوام متحدہ،انسانی امدادی اداروں اور سفارتی عملے کی حوثیوں کے ہاتھوں مبینہ من مانی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتےہوئے تمام زیر حراست اہلکاروں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عملے،تنصیبات اور اثاثوں کے مراعات و استثنیٰ کا مکمل احترام یقینی بنایاجانا چاہیے۔
سفیر عثمان جدون نے واضح کیاکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کےلیے مکالمے،سفارت کاری اور تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
برطانیہ کاایرانی پاسداران انقلاب کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز غیرملکی میڈیا رپورٹس میں یمن میں سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا حوالہ دیتےہوئے بتایا گیا تھاکہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب میزائل فائر کیےگئے تاہم ملکی فضائی دفاع نظام نے میزائل فضا میں تباہ کردیے۔
