پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیزن کا آغاز چیمپئنز کپ لسٹ اے ون ڈے ٹورنامنٹ سے کیا جائے گا، جبکہ ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ بھی شیڈول کا حصہ ہوگا۔
بورڈ نے 16 ریجنز کی 18 ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی ہے۔ اس سلسلے میں سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کو بھی لاہور اور کراچی کی طرز پر دو، دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں۔
ریڈ بال سیزن میں قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور ڈویژنز کے علاوہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور ٹورنامنٹس شامل ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ایونٹس کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا، جبکہ قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور یکم نومبر سے شروع ہوگی۔ قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 اور سلور ڈویژن میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دونوں ڈویژنز کو فرسٹ کلاس کا درجہ حاصل ہوگا اور ترقی و تنزلی (پروموشن اور ریلیگیشن) کا نظام بھی برقرار رہے گا۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور کے مقابلے 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ڈومیسٹک سیزن میں جونیئر کرکٹرز کے لیے بھی متعدد ایونٹس رکھے گئے ہیں، جن میں انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ، نیشنل انڈر 19 کپ، نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ، نیشنل انڈر 15 ون ڈے کپ اور انڈر 17 ٹورنامنٹ شامل ہیں۔
پی سی بی کے جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ، اسامہ شارون نے کہا کہ 2027 ورلڈ کپ کی تیاری بورڈ کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے سیزن کا آغاز دو ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے۔
پنجاب ،کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے 43 افراد جاں بحق،177 زخمی
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھلاڑیوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ انڈر 19 سطح پر ریڈ بال کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
