پشاور ہائی کورٹ: وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی کی درخواست مسترد

 

 

 

پشاور ہائی کورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا سہیل آفریدی کے انتخاب کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی۔

پشاور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختوخوا سہیل آفریدی کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر خیبرپختوخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وہ  آج نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے۔

عدالت عالیہ نے کہا ہمیں معلوم ہے لیکن درخواست گزار کے وکیل کو سنتے ہیں، وہ کیا کہتے ہیں۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا، استعفیٰ منظور ہونے کےبعد وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوتا ہے، کابینہ کو ابھی تک ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر یاسین نے کہاکہ جب سابق وزیرِ اعلیٰ کا استعفیٰ ابھی منظور ہی نہیں ہوا تھا اور وہ اپنی نشست پر موجود تھے، تو نیا وزیراعلیٰ کیسے منتخب ہوگیا؟

 

درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ یہ انتخاب غیرآئینی تھا اور نہیں ہوناچاہیے تھا، جب ایک وزیر اعلیٰ پہلے سے موجود ہو، تو نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنا آئینی بحران پیدا کرسکتا ہے اور اگر استعفیٰ منظور ہوچکا ہوتا تو الیکشن کا جواز بنتا اور تمام جماعتیں اس میں حصہ لیتیں۔

 

 

Back to top button