ملکی استحکام کیلئےسیاسی جماعتیں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں،راناثنا

وزیراعظم کے مشیر وسینیٹرراناثنااللہ کاکہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت نے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ ملکی استحکام کیلئےسیاسی جماعتیں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔پاک فوج نے افغانستان کے شرپسند عناصر کومنہ توڑ جواب دیاجس پر ہمیں فخر کرنا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ وزیراعظم کے ’میثاقِ استحکامِ پاکستان‘ کی پیشکش پر متفق ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بے شک ہمیں تنقید کا نشانہ بناتی رہے، لیکن ایسے موقع پر پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا سب کا قومی فریضہ ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی عسکری اور سفارتی قوت کو تسلیم کرتی ہے، آپ بھی اس قوت کا حصہ بنیں تاکہ معاملات اندرونی اور بیرونی طور پر بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جس موثر انداز سے جواب دیا گیا حق یہی بنتا تھا، جب 30، 30 لاشیں اٹھائی جارہی تھیں تو قوم کے دلوں میں سوال تھا کہ کب تک ایسا ہوتا رہے گا، اس کا موثر جواب دیا جانا چاہیے۔ جواب دیا جاچکا ہے اور اب سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ دینا چاہیے۔
