پیپلزپارٹی کے تحفظات دورکئےجائیں گی،وزیراعظم کی بلاول بھٹو کویقین دہانی

وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا، جس کو قبول کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کے وفد کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ دعوت افطار میں شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں عوامی امنگوں پر پورا اترنے اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون سے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا مستقبل بہتر کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے متنازع کینالوں سے متعلق اعتراضات رکھے جبکہ ضلع کرم میں امن و امان کی ناقص صورت حال پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی اب تک دادرسی نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متنازع کینالوں، ضلع کرم میں قیام امن اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے متعلق پی پی پی کے تحفظات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلز پارٹی کا وفد بھی تھا جس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف سمیت سینیر قیادت شامل تھے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی وزیراعظم اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات طے ہوئی تھی تاہم چند وجوہات کی بنا پر ملاقات منسوخ ہوگئی تھی۔
گزشتہ ملاقات میں حکومت کے انتظامی معاملات زیر بحث آنے تھے جبکہ بلاول بھٹو نے حکومت سے معاہدوں پر پارٹی تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھنے تھے۔