وزیراعظم  شہبازشریف کا آذربائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو ٹیلیفون کرکے آرمینیا کے ساتھ دہائیوں پر محیط تنازع کے خاتمے اور امن معاہدے پر مبارکباد دی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق، شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں حال ہی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے تین دہائیوں پرانے تنازع کو پرامن طور پر ختم کرنے اور قفقاز خطے میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر علیوف کے بصیرت افروز اور جرات مندانہ کردار کو سراہا، ساتھ ہی اس معاہدے کو ممکن بنانے میں امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کی بھی تعریف کی۔

صدر علیوف نے کاراباخ کے مسئلے پر پاکستان کی مستقل اور مخلص حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور خوشی کی بات ہے کہ صدر علیوف کی قیادت میں خطے میں بالآخر امن قائم ہوا۔

گفتگو کے دوران صدر علیوف نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے کا پرامن ماحول پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ترقی اور روابط بڑھانے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا، جبکہ وزیراعظم نے لاچن اور خانکنڈی میں ہونے والی حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے صدر علیوف کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دوبارہ دی۔

Back to top button