دورہ امریکا: وزیر اعظم اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر، فلسطین پر مؤقف دیں گے

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے  کہا کہ وزیراعظم دورہ امریکا کے دوران مسئلہ کشمیر، فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص قطر پر حملے کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وزیراعظم نہ صرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے بلکہ غزہ کے حوالے سے ہونے والے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے، جہاں وہ سینٹرل لندن میں اپنی رہائش گاہ پر قیام پذیر ہیں۔ لندن میں قیام کے دوران وہ برطانوی حکام اور پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ہفتے کے روز اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

برطانیہ روانگی سے قبل وزیراعظم کچھ دیر کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا رکے اور وہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ نواز شریف علاج کے سلسلے میں ان دنوں جنیوا میں مقیم ہیں تاہم ان کے آئندہ چند روز میں لندن آنے کا امکان ہے۔

قریبی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تارڑ بھی لندن پہنچے ہیں۔ وزیراعظم برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکا جائیں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے سے متعلق حالیہ قرارداد کو ایک تہائی کے قریب ووٹ ملے ہیں، جس کے نتیجے میں اسرائیل اور اس کے اتحادی ممالک پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

Back to top button