پی ٹی آئی احتجاج کیس:علیمہ خان کے تیسری بار وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر 2024 کے احتجاجی کیس میں علیمہ خان کے خلاف تیسری مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایس پی راول ڈویژن علیمہ خان کو 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کریں۔
علیمہ خان مسلسل عدم حاضری پر عدالت کی جانب سے پہلے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔ اس بار عدالت نے ان کے ضامن کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے مچلکے ضبط کرنے کا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے، جبکہ پراپرٹی سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے 15 اکتوبر کو علیمہ خان سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ 8 اکتوبر کو بھی عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔
پی ٹی آئی نے اپنے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر 2024 کو بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کا آغاز کیا تھا۔ 25 نومبر کی شب شرکاء اسلام آباد کے قریب پہنچے، لیکن 26 نومبر کو پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے۔
بعد ازاں، علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب مارچ کے شرکا کو چھوڑ کر واپس چلے گئے اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔ اس کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی، نقصِ امن اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں متعدد مقدمات درج کیے گئے۔
