امریکی لابنگ فرم کی خدمات لینے کی رپورٹس مسترد کردیں

تحریک انصاف نے امریکی لابنگ فرم کی خدمات لینے سے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کر دی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے مختلف حلقوں کی جانب سے لابنگ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک میڈیا ریلیشن شپ فرم کی خدمات حاصل کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہا ہے تاکہ لائق اور فائق صحافی اور وزرا کو سمجھ آسکے کہ یہ لابی فرم نہیں ہے، جس فرم سے معاہدہ کیا گیا ہے وہ لابی فرم نہیں ہے بلکہ وہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جس کے ساتھ پی ٹی آئی یو ایس اے نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے، ان کمپنیوں کا کام ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور پارٹی میں تعلقات کار بنائیں۔

واضح رہے کہ کچھ حلقوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے 6 ماہ کے لیے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پرلابنگ فرم ‘فینٹن آرلوک’ کی خدمات حاصل کی ہیں اور معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کرے گی۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس کے علاوہ کمپنی مضامین چھپوانے، پی ٹی آئی نمائندوں اور حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوز کا اہتمام بھی کرے گی۔

دریں اثنا ٹویٹر پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی پی ٹی آئی اور امریکی کمپنی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی، عمران خان نے قوم میں امریکا کے خلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے اور عمران خان، امریکا سے ترلے اور معافی پر اتر آیا ہے، عمران خان نے پہلے ایلچی بھیجے اور پھر سفیر سے خود منت سماجت کی، اب لابسٹ رکھ کر معافی تلافی کا کام ہو رہا ہے، اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں؟ کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔

عمران اور ان کی جماعت سنگین ترین بحران کا شکار

دوسری جانب پی پی پی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی پی ٹی آئی کے فرم سے معاہدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا،انہوں نے کہا پی ٹی آئی بتائے کہ اس کو امریکا میں تشہیر کی کیوں ضرورت پڑ گئی، عمران خان مکمل بے نقاب ہوچکے ہیں، انہیں ٹوپی ڈرامہ بند کرکے قوم اور ریاست سے معافی مانگنی چاہیے۔

Back to top button