پاسدارانِ انقلاب کے اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر تابڑ توڑ حملے

ایرانی پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر تابڑ توڑ حملے کیے اور امریکی افواج کے لاجسٹک آلات کو نشانہ بنایا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جوابی حملے میں اسلحہ گوداموں، لاجسٹک تنصیبات اور امریکی فوجی آلات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اردن کے علاقے الرکبان میں واقع امریکی فوجی اڈے پر ایک ایف-15 طیارہ تباہ کیا گیا جبکہ متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے کے دوران امریکی اڈے کا دفاعی ریڈار سسٹم بھی تباہ کر دیا گیا۔ ایرانی دعوے کے مطابق بحرین میں میزائل حملے کے نتیجے میں امریکی کمپنی ایمازون کا مرکزی ڈیٹا سینٹر بھی تباہ ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ بحرین کے شہروں محرق اور رفاع میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
ایرانی پاسداران کے مطابق کویت کی علی السالم اور احمد الجابر ایئربیسز پر ایم کیو-9 ڈرون ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایف پی ایس-117 ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور فضائی دفاع سے متعلق سیٹلائٹ مواصلاتی نظام بھی تباہ کر دیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کیمپ العدیر میں ہیلی کاپٹروں کے پارکنگ ایریا پر ڈرون حملہ کیا گیا، جبکہ الجابر ایئربیس میں فوجی اہلکاروں کی رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کویت کے مغربی علاقے میں واقع امریکی فوجی اڈے کیمپ دوحہ پر ڈرون حملے کیے گئے، جن میں اسلحہ گوداموں اور امریکی افواج کے لاجسٹک آلات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران سے پنگے بازی امریکا کو مہنگی پڑنے لگی، فوجی خزانہ خالی ہونا شروع
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا کی مسلسل جارحیت کے جواب میں کی گئیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کی کسی بھی نئی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جارح قوتوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور امریکی فوج کو مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے خطہ چھوڑ دینا چاہیے۔
