اداکارہ سومی علی کا سلمان خان پر جنسی تذلیل کا الزام

ماضی کی مقبول پاکستانی نژاد بھارتی اداکارہ سومی علی نے سلمان خان پر جنسی تذلیل کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اداکار کے ہاتھوں 8 برس تک استحصال کا سامنا کرتی رہیں۔ سومی علی کی پیدائش کراچی میں ہوئی اور وہیں انہوں نے بچپن گزارا، بعد ازاں وہ اہل خانہ سمیت امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ سومی علی نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پر پہلے سلمان خان کے خلاف سخت پوسٹ کرتے ہوئے اس میں نامناسب الفاظ کا استعمال بھی کیا، تاہم جلد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد انہوں نے متعدد پوسٹس شیئر کیں۔ سلسلہ وار پوسٹس کو شیئر کرتے وقت انہوں نے اپنی پرانی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ انہوں نے پہلی پوسٹ اس لیے ڈیلیٹ کی، کیوں کہ اس میں نامناسب الفاظ تھے۔
سومی علی کا شمار 1990 کی مقبول بولی وڈ ہیروئنز میں ہوتا ہے، انہوں نے سلمان خان، سنجے دت، سنیل شیٹھی اور متھن چکرورتی سمیت اس دور کے مقبول ہیروز کے ساتھ فلمیں کیں۔سومی علی نے تقریباً ایک درجن کے قریب بولی وڈ فلموں میں کام کیا تھا، وہ 1990 سے قبل 16 برس کی عمر میں فلموں میں کام کرنے کے لیے امریکا سے بھارت گئی تھیں۔ اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں سومی نے ماضی میں سلمان کے ساتھ تعلقات کے 8 سال کے واقعات کا ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ سال ان کی زندگی کے بدترین سال تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سلمان خان انہیں 8 سال تک استحصال و تذلیل کا نشانہ بناتے رہے، اور انہیں سب کے سامنے یہ احساس دلاتے رہے کہ وہ بہت ہی گری ہوئی اور گھٹیا عورت ہیں۔سومی علی کے مطابق سلمان کا رویہ ایسا ہوتا تھا جیسے وہ ان سےتعلقات استوار کرکے ان پر احسان کر رہے ہوں۔انہوں نے لکھا کہ کئی سال تک سلمان انہیں اپنی گرل فرینڈ ماننے کو تیار نہیں تھے لیکن جب انہیں اپنی محبوبہ تسلیم کیا تو سب کے سامنے ذلیل کرنے لگے۔
اداکارہ نے سلمان پر ذہنی و جسمانی تشدد کے سنگین الزامات بھی لگائے اور کہا کہ وہ ان کا استحصال بھی کرتے رہے۔ سومی علی نے اعتراف کیا کہ سلمان خان کے ساتھ تعلقات میں رہنے کے دوران تشدد اور استحصال سے بچنے کے لیے انہوں نے کئی دوسرے مردوں سے بھی تعلقات بنائے۔انہوں نے لکھا کہ جب انہوں نے دوسرے مردوں سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی تو سلمان خان نے خفا ہو کر ان پر بدترین تشدد کیا اور انہیں کہا کہ عورت کو ایسا کرنے کا حق نہیں ہوتا، انکا۔کہنا تھا کہ صرف مرد ہی ایک سے زائد خواتین سے تعلقات رکھ سکتے ہیں۔ سومی نے لکھا کہ جس طرح وہ خود کو بچانے رکھنے کے لیے کئی مردوں سے تعلقات بنا کر انہیں استعمال کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، اسی طرح مردوں نے بھی انہیں استعمال کیا، تاہم انہوں نے باقی افراد کے نام نہیں لکھے۔
اپنی پوسٹس میں انہوں نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایسا نہ سمجھیں کہ سلمان خان سب کے ساتھ اچھے ہیں۔ اپنی اسٹا گرام پوسٹ کے اختتام پر سومی علی نے لکھا کہ انہیں سلمان کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے بدترین جنسی، ذہنی اور جسمانی سہنا پڑا۔ اداکارہ نے سلمان خان کے خلاف متعدد پوسٹس کیں، جن میں انہوں نے ان کے خلاف پران الزامات دوہرائے اور ان کے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ سومی علی نے سلمان خان کو بالی وڈ کا ’ہاروی وائنسٹن‘ بھی قرار دیا اور کہا کہ اب ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔سومی علی کی پوسٹس اور الزامات کے بعد سلمان پر تنقید بھی کی گئی، تاہم ہزاروں افراد نے سابق اداکارہ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔
یاد رہے کہ سومی علی نے پہلی بار سلمان خان کے خلاف سنگین ترین الزامات عائد کیے ہیں، اس سے قبل اپریل 2021 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں سلمان، ان کے اہل خانہ اور انکی والدہ کی تعریفیں کی تھیں۔ سومی نے ڈیڑھ دہائی تک بھارت میں وقت گزارا اور 2000 کے بعد واپس امریکا چلی گئیں جہاں انہوں نے ’نو مور ٹیئرز‘ نامی این جی او کی بنیاد ڈالی۔سومی علی کا فلاحی ادارہ استحصال اور ہراسانی کی شکار خواتین کو مدد فراہم کرتا ہے۔
