چاغی : دہشت گردوں کا مائننگ کمپنی پر حملہ ، 7 کان کن اغوا

 

 

 

 

بلوچستان کے ضلع چاغی میں دہشت گردوں نے نجی مائننگ کمپنی پر حملہ کرکے وہاں کام کام کرنے والے 7 کان کنوں کو اغوا کرلیا۔

پولیس ذرائع کےمطابق اغواء ہونے والے مزدوروں میں سے 4 کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

ذرائع کےمطابق دہشت گرد کئی گھنٹوں تک مائنز میں موجود رہے اور ایک گاڑی، ایک فور بائی فور پک اپ، 20 سے زائد سولر پلیٹس، موٹر سائیکل، بستر،کچن کا سامان،سلنڈر، 2 ہزار 500 لیٹر ڈیزل،ایک ہزار 500 لیٹر پیٹرول سمیت دیگر سامان بھی لےگئے۔

تفصیلات کےمطابق کوئٹہ سے 400 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع ضلع چاغی کے علاقے ماہیان کور میں نجی مائننگ کمپنی کی مائنز پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا اور وہاں کام کرنےوالے 7 افراد کو ہمراہ لےگئے۔

مسلح افراد نے نہ صرف مائنز کے عملے کو اغوا کیا بلکہ وہاں موجود مشینری کو بھی نقصان پہنچایا۔

پولیس ذرائع کاکہنا ہےکہ اغوا ہونےوالے گلگت بلتستان کے مزدوروں کی شناخت وجاہت،واجد،شاہد اور صابر کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 3 مقامی مزدوروں میں ضیاء الدین،شاہ سلیم اور سعید محمد شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتےہی پولیس اور انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچی جس کےبعد مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

 

Back to top button