عمران خان اور علی امین گنڈاپور ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے کہا کہ پارٹی صدارت کا عہدہ اس لیے واپس لیا تاکہ آپ پرکام کا بوجھ کم ہو اور  آپ گڈگورننس پرتوجہ دےسکیں، آپ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں،گورننس کو بہتر کریں، میری مکمل سپورٹ ہے، آپ کو مکمل اختیارحاصل ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین کو کہا کہ صوبے میں بیڈگورننس اورکرپشن کی شکایات مل رہی ہیں، اس پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفرز میں میرا کوئی کردار نہیں، اراکین اسمبلی پوسٹنگ ٹرانسفرز کرواتے ہیں اور شکایتیں میرےخلاف کرتےہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹیآئی عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہدایت کی کہ صوبےمیں مبینہ کرپشن اوربیڈگورننس سے متعلق شکایات کا خاتمہ کریں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور نے معاون خصوصی اینٹی کرپشن سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں ہدایت کی کہ صوبے میں کرپشن کا خاتمہ کریں، آپ کو مکمل اخیتار ہے جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اسے قانون کےکٹہرے میں لائیں۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کا  خاتمہ کیاجائےگا اور کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

بیرسٹر سیف نے کہا وزیراعلیٰ نےواضح کردیا ہےکہ جس کےخلاف شکایت ملی تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقات کے بعدکرپشن میں ملوث افرادکے خلاف کارروائی ہوگی۔

Back to top button