حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں،پہل ہم نے کی تھی،بیرسٹر گوہرکا الزام

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ہم نے مذاکرات کیلئے پہل کی تھی لیکن حکومت نے ہمیشہ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےبیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت پہلے اپنا جواب شیئر کرتی تو غور کرتے لیکن وہ چاہتے نہیں مذاکرات ہوں۔ہمارےاوپر ہرقسم کی سختیاں کی گئیں لیکن اس کے باوجود ہم نے مذاکرات میں پہل کی، ہم نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے،حکومت نے مذاکرات میں تاخیر کی، حکومت سنجیدہ ہوتی تو اپنا جواب دیتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت نے کہا تھا 28 جنوری کو کمیٹی روم میں جواب دینگے، اگر حکومت ہمارے ساتھ جواب پہلے شیئر کرتی تو غور کر لیتے، ہم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبات میں کہا تھا لیکن حکومت نے جواب نہیں دیا،حکومت چاہتی نہیں تھی مذاکرات ہوں اور ان کا حل نکلے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آج جج زیبا چوہدری کے سامنے ہمارا 26 نومبر والا کیس لگا ہوا تھا، وہ قائم مقام جج ہیں اس وجہ سے انہوں نے تاریخ دی، ہم امید کرتے ہیں کہ مستقل جج ہوگا اور پراسس آگے چلے گا، یہ کیس آگے جاسکتا ہے، وکیل نے کیس کا اچھا ڈرافٹ بنایا ہے اورقانون کے مطابق چلے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بڑے ناموں کا کوئی فرق نہیں پڑتا،کوئی بھی قانون سےاوپر نہیں ہے،عدالت دیکھے گی کیس بنتاہے تو چلائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ان کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے علاوہ کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔

Back to top button