مون سون کا تیسرا سپیل: مریم نواز کا متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اور عملہ مکمل طور پر تیار رہے، کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے مطابق پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز فعال رہیں، جبکہ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر ادارے مشینری و عملے کے ساتھ الرٹ رہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے پانی کی نکاسی جلد از جلد یقینی بنائی جائے، برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل نگرانی کی جائے، جبکہ شہری و دیہی علاقوں میں مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے بارشوں کے دوران کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی اقدامات، خستہ حال اور تعمیراتی طور پر حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران تمام حفاظتی اقدامات مکمل رکھے جائیں اور شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
نیب کا کراچی کے یلو لائن منصوبے کی تحقیقات کا فیصلہ
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور، ناقص اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے روکیں۔
