وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریاں، عثمان ڈار دوبارہ معاون خصوصی مقرر

حکومت نے وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریاں کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریوں کے نوٹی فکیشنز بھی جاری کر دئے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور عثمان ڈار دوبارہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کردیا گیا ہے جب کہ معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود کا عہدہ تبدیل کر کے وقار مسعود کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو مقرر کر دیا گیا ہے، ڈاکٹر وقار مسعود اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی ریونیو تھے۔ قبل ازیں ایوان صدر اسلام آباد میں وزیر مملکت فرخ حبیب کی تقریب حلف برداری ہوئی، جس میں صدرمملکت عارف علوی نے فرخ حبیب سے حلف لیا تھا۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی وفاقی کابینہ میں رد و بدل کی گئی تھی۔ حکومت نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے شوکت ترین کو وزارت خزانہ و ریونیو کا قلمدان، حماد اظہر کو وزارت توانائی کا قلمدان سونپا گیا تھا۔ عمر ایوب خان سے توانائی کی وزارت کا قلمدان واپس لے کر انہیں وزیر برائے اقتصادی امور تعینات کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سینیٹر شبلی فراز سے اطلاعات کی وزارت واپس لے کر انہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپا گیا تھا، خسرو بختیار کو وزیر صنعت و پیداوار کی ذمہ داریاں دی گئیں اور فواد چوہدری کو باقاعدہ طور پر وزرارت اطلاعات سونپ دی گئی تھی۔ اس کے کچھ دن بعد ہی وفاقی کابینہ میں ایک اور معاون خصوصی کا اضافہ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے جمشید اقبال چیمہ معاون خصوصی فوڈ سکیورٹی مقرر کردیا تھا۔ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات بنانے کا فیصلہ کیا جس پر آج فرخ حبیب نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button