قومی اتفاق رائےسےنئےڈیم تعمیرکرنےکاوقت آگیاہے،خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ ڈیم صرف آمروں کےدور بنےمگراب قومی اتفاق رائےسےنئےڈیم تعمیرکرنےکاوقت آگیاہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بڑے ڈیم صرف آمروں کے دور میں بنائے گئے کیونکہ ان کے پاس طاقت ہوتی ہے اور وہ اس طاقت کے ذریعے قومی اتفاق رائے پیدا کرا لیتے ہیں، لیکن سیاست دان اختلافات اور سیاسی دکانداری کی وجہ سے قومی معاملات پر یکجہتی قائم نہیں کر پاتے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اگر کہیں کوئی نہر یا ڈیم بنانے کی بات کی جائے تو سڑکیں نہیں بند کرنی چاہییں، ہمیں فوری طور پر چھوٹے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ 10 سے 15 سال انتظار کرتے رہے تو سب کچھ ڈوب جائےگا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ملک کو اس وقت تاریخ کے بڑے سیلابی بحران کا سامنا ہے، لیکن یہ صرف قدرتی آفت نہیں بلکہ ہمارے اپنے اعمال کا نتیجہ بھی ہے۔ لوگوں نے نالوں اور دریاؤں کے راستوں پر قبضے کر کے گھر اور آبادیاں بنا لیں، جیسا کہ سیالکوٹ میں دریا کے بیچوں بیچ آبادیاں قائم کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں بھی لوگوں نے قبضے کرکے پلاٹ فروخت کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم عالمی برادری سے امداد مانگتے ہیں مگر پہلے اپنے اعمال درست کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وقت خود احتسابی کا ہے تاکہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ سکیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں بلدیاتی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں نہ صرف بلدیاتی انتخابات کی کوئی واضح تاریخ موجود ہے بلکہ اکثر اوقات بلدیاتی قوانین تک کا علم بھی نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے یہ نظام کمزور رہتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبوں میں اختیارات صرف صوبائی دارالحکومتوں تک محدود ہیں، جس سے نچلی سطح پر عوام کو ان کا حق نہیں ملتا۔
