ایران کا آبنائے ہرمز میں ٹول نظام ناقابل قبول ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ٹول نظام کا نفاذ ناقابل قبول ہوگا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھاکہ ایران آبنائے ہرمز میں ٹول سسٹم متعارف کرانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم عالمی برادری اسے قبول نہیں کرےگی۔
مارکو روبیو نے کہاکہ ایران کے ساتھ ڈیل ہماری پہلی ترجیح ہے، امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت میں پاکستان ہی ثالث ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ہم معاہدے پر کام کررہے ہیں،ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے،ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا،ایران کو ٹول ٹیکس نظام سے روکنے کےلیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کا بھی استعمال کررہے ہیں۔
یاد رہےکہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھاکہ ہم آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس نہیں چاہتے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران سے مذاکرات جاری ہیں۔ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونےچاہئیں۔ایران سے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو قبضے میں لے لیں گے۔
