ٹرمپ کا رویہ مخالفانہ ہے، ایران نے امریکی صدر کی مذاکراتی پیشکش مسترد کر دی

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو متضاد اور غیر مخلص قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر نے اسرائیلی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب کے دوران ایران کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ "ایران کے لیے دوستی اور شراکت کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔”
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کو مشرق وسطیٰ کے ایک نئے تاریخی دور کا آغاز قرار دیا۔
اس پیشکش پر ایرانی وزارت خارجہ کا ردعمل بھی سامنے آ گیا، جس میں کہا گیا کہ ٹرمپ کی پیشکش تضاد کا شکار ہے اور واشنگٹن کا طرزِ عمل مخالفانہ اور جارحانہ ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں ایران اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ کے دوران امریکا نے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ امریکی صدر نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی ایٹمی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے ایران پر ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کے الزامات لگائے گئے، تاہم تہران نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔
