وزیراعظم کو امریکی وزیرخارجہ کافون،پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہبازشریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفون،پاک بھارت کشیدگی،خطے کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے خبردار کیا کہ بھارت کے حملوں نے ناصرف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بلکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیاء کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کیلئےمل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Back to top button