میئرنیویارک کیلئےووٹنگ کاآغاز،زہران ممدانی کےجیتنےکاامکان

نیویارک میں میئر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ جنوبی ایشیائی نژاد سیاستدان زہران ممدانی کے جیتنےکاامکان بڑھ گیا۔
زہران ممدانی عوامی مقبولیت میں سب سے آگے ہیں اور تاریخ میں نیویارک کے پہلے مسلم میئر بننے کے قریب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر کے انتخاب کیلئےابتدائی ووٹنگ میں 34 سالہ جنوبی ایشیائی نژاد ریاستی قانون ساز اور خود کو ڈیموکریٹک سوشلسٹ کہنے والے زہران ممدانی حیران کن طور پر سب سے آگے نظر آ رہے ہیں۔
کبھی سیاسی میدان میں ایک اجنبی سمجھے جانے والے زہران ممدانی کی مہم نوجوان ترقی پسند رضاکاروں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی ناراضی کے باعث تیزی سے مقبول ہوئی ہے۔ان کا 20 لاکھ نیویارک کے رہائشیوں کے لیے کرایوں میں اضافہ روکنے کا وعدہ ایک ایسے شہر میں گونج پیدا کر رہا ہے، جہاں سستی رہائش ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔
اگر زہران ممدانی منتخب ہو گئے تو وہ نیویارک کے پہلے مسلم میئر ہوں گے، جو ایک تاریخی سنگِ میل ہوگا۔
تاہم، مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کی مقبولیت ان کے ترقی پسند اور سوشلسٹ نظریات سے منسلک ہے، نہ کہ مذہب سے۔
