وہاب ریاض نے بھی مبشر لقمان کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

قومی ٹیم کے سینئر منیجر وہاب ریاض نے بھی الزامات عائد کرنے پر اینکر مبشر لقمان کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
قومی ٹیم کے سینئر منیجر اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اور وہاب ریاض نے اینکر مبشر لقمان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا جس میں انہوں نے صحافی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر 14 دنوں میں معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
وہاب ریاض نے مؤقف اختیار کیا کہ 14 روز میں معافی مانگیں نہیں تو آپ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، جس طرح اپنے یوٹیوب چینل پر ہتک آمیز بیانات جاری کیے تھے، اسی چینل کے ذریعے معافی بھی مانگیں۔ نوٹس کے متن کے مطابق الزامات سے وہاب ریاض کی عزت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی۔
پی ٹی آئی نے امریکی کی قرارداد کے جواب میں پاکستانی قرارداد کی حمایت سے انکار کردیا
نوٹس کے مطابق وہاب ریاض نے ہتکِ عزت آرڈیننس 2002 کے تحت اینکر مبشر لقمان کو لیگل نوٹس بھیجا ہے۔
یاد رہے کہ مبشر لقمان نے وہاب ریاض اور انکے والد پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے تھے، سینئر صحافی نے وہاب ریاض کے مرحوم والد کو بکی قرار دیا تھا
یاد رہے کہ 24 جون کو قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سنگین الزامات عائد کرنے پر اینکر پرسن مبشر لقمان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا تھا۔
خیال رہے کہ اینکر نے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر تحائف لے کر میچز کے نتائج تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اینکر پرسن نے الزام عائد کیا تھا کہ بابر اعظم نے میچز کے نتائج تبدیل کرنے ک لیے مہنگی گاڑیاں، دبئی اور آسٹریلیا میں اپارٹمنٹس حاصل کیے، جب کہ ان پر بکیز سے روابط کا الزام بھی عائد کیا گیا، جس میں ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں اور کچھ سابق کرکٹرز کا نام بھی لیا تھا۔
