ہم نے انہیں امپائرکو ساتھ ملانے کے باوجود شکست دینی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پر چوروں کو مسلط کر دیا گیا ہے ، یہ حکومت ناجائز ہے جبکہ الیکشن کمیشن بھی جانبدار ہے ، ساری عوام ان لوگوں کے خلاف ہے، یہ لوگ انتخابات صرف امپائر ملا کر جیت سکتے ہیں، ہم نے اس کے باوجود ان کو شکست دینی ہے۔
شمالی وزیر ستان :فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد ہلاک،2 جوان شہید
عمران خان پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی مہم کے سلسلے میں لاہور پہنچے جہاں انہوں نے پی پی 158 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 158 میں پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن صرف ایک حلقے کا نہیں پورے پنجاب اور پاکستان کا ہے، آپ سب نے ہر دروازے پر جاکر پیغام دینا ہے کہ جو لوگ اپنا ضمیر بیچ کر چوروں کے ساتھ مل جاتے ہیں ان کو شکست دینا ہم سب کا فرض ہے،آئی جی راؤ سردار علی خان، میں نے آپ کو اس لیے لگایا تھا کہ آپ ایماندار آئی جی ہیں جو کوئی غلط کام نہیں کرے گا، انتخابات میں پولیس کا کیا رویہ ہوتا ہے، اگر پولیس نے غلط کام کیا تو لوگ ساری زندگی راؤ سردار آپ پر انگلیاں اٹھائیں گے، پولیس کا حلف ہے کہ قانون کے مطابق چلنا ہے۔
انہوں نے کہاالیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، الیکشن کمیشن کو بھی پیغام ہے کہ پورا پاکستان ان 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کو دیکھ رہا ہے، جو رویہ اب تک الیکشن کمیشن کا رہا ہے کسی کو آپ پراعتماد نہیں ہے، یہ انتخابات فیصلہ کریں گے کہ الیکشن کمیشن پر قوم اعتماد کرسکتی ہے؟ اب تک الیکشن کمیشن جانبدار ہے۔
عمران خان نے کہا ہمیں پتا ہے کہ ان کے ساتھ کون کون لوگ شامل ہیں اور یہ بھی پتا ہے کہ یہاں پیسہ چل رہا ہے لیکن آپ لوگوں نے گھر گھر جاکر اپنی قوم کو جگانا ہے،یہ جو امریکا کے نوکر ہیں، امریکا کی پوجا کرنے والے ہیں، کیا پاکستانی قوم ان کو شکست دے گی؟ امپائروں کے باوجود امریکا کے غلاموں، ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہم نے ہرانا ہے، ہم ہمیشہ کے لیے ان چوروں کو ہرا کر ملک سے فارغ کریں گے،ہمیں کہتے تھے کہ مہنگائی کردی، انہوں نے 2 مہینے میں اتنی مہنگائی کردی جتنی ہم نے ساڑھے تین سالوں میں نہیں کی، ہمیں پتا ہے کہ جو آئی ایم ایف کہے گا یہ لوگ وہ کریں گے۔
دریں اثنا پی پی 170 میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا، یہ جب بھی میچ کھیلنے کے لیے آتا تھا تو ساتھ میں دو امپائر لاتا تھا، میں جھوٹ نہیں بول رہا جو لوگ اس وقت جم خانہ میں آتے تھے وہ اس بات کی گواہی دیں گے، جب یہ آؤٹ ہو جاتا تھا تو امپائر نو بال دے دیتا تھا، اب بھی اس نے امپائر ساتھ ملائے ہوئے ہیں،انہوں نے نیب ہی ختم کر دیا ہے، جو قانون بنایا ہے اب کوئی بڑے چور کو پکڑ ہی نہیں سکے گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ان کے ہوتے ہوئے کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں ہے یہی ملک کو اندر سے ختم کر دیں گے، مولانا رومی نے بتایا کہ جب قوم اچھے اور برے کی تمیز ختم کرتی ہے تو قوم ختم ہو جاتی ہے، جب قوم بدی کے خلاف جہاد نہیں لڑتی تو قوم ختم ہو جاتی ہے۔
عمران کا کہنا تھاآپ نے اس کو سیاست نہیں جہاد سمجھنا ہے، انہوں نے دھاندلی کرنی ہے اور میرے نوجوانوں نے ہر پولنگ بوتھ پر کھڑے ہو کر ان کو دھاندلی نہیں کرنے دینی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کے بعد خالی کردہ 20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔
