ہم قوم کا قیمتی وقت ضائع کرتے رہے ، دنیا زراعت میں ترقی کر کے آگے نکل گئی : وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ دنیا نےزراعت میں بہت ترقی کی اورآگےنکل گئے،ہم قوم کے قیمتی وقت کا ضیاع کرتے رہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں قومی زرعی پالیسی کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور نوجوان صلاحیتوں کوبروئےکار لانے پرغور کیا گیا۔اس کے علاوہ اجلاس میں تجربہ کار ماہرین کی رہنمائی سے ایک مربوط لائحہ عمل کی تشکیل پربھی غور کیا گیا۔
اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں سےنوازا ہے،پاکستان ایک زمانے میں کپاس اور گندم سمیت دیگر اجناس میں خود کفیل تھا، اب گندم کی ہماری فی ایکڑ پیداوار ترقی یافتہ ممالک کےمقابلہ میں کم ہے۔
ان کا کہنا تھا اللہ نےہمیں مواقع اور صلاحیتوں سےنوازا ہے لیکن زراعت کے شعبے میں جو ترقی کرنی چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی، دنیا نےزراعت میں بہت ترقی کی اور آگےنکل گئے،ہم قوم کے قیمتی وقت کا ضیاع کرتے رہے۔
وفاقی حکومت متنازع کینالز کا منصوبہ فوری روکے ورنہ پیپلز پارٹی ساتھ نہیں چلے گی ، بلاول بھٹو
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا زراعت میں آگے بڑھنے کیلئے متعلقہ فریقین کی آراء اورتجاویز کو بغور سنا جائے، پاکستان میں گھریلو صنعت اورایس ایم ایز میں بےپناہ صلاحیت موجود ہے، آف سیزن اجناس کی اسٹوریج کا خاطرخواہ انتظام نہیں ہے، آف سیزن اجناس کی ویلیو ایڈیشن کیلئےچھوٹے پلانٹس نہیں لگائے گئے۔
اجلاس کے شرکاء نےزرعی ترقی کےلیے جامع اصلاحات اورسائنسی بنیادوں پر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور زرعی ڈیجیٹلائزیشن اورمصنوعی ذہانت کے تحت دیہی علاقوں میں اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی دستیابی بہتر بنانے کی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں کسانوں کا مرکزی ڈیٹابیس تشکیل دینے اورزرعی ان پٹس کی ترسیل کے لیے بلاک چین اور کیو آر کوڈ سسٹمز متعارف کرانے کی بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نےاس حوالے سےورکنگ کمیٹیاں فوری تشکیل دینے اور دو ہفتوں میں قابلِ عمل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔
